لاہور( این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق اور پنجاب کی حکومتوں میں شامل ہوسکتی ہے، فی الحال یہ انکی سیاسی کیلکولیشن ہے، لیکن اسکا حتمی فیصلہ تو وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف زرداری ہی کرینگے، ابراہم اکارڈ سے متعلق دبائو آیا تو اپنے مفادات دیکھیں گے،اس معاملے پر مشاورت بھی ہو رہی ہے ، اس پر جواب تب دیں گے جب ہمیں اس اکارڈ کا حصہ بننے کا کہا جائیگا۔
ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ فلسطین کے لوگ جس طرح ظلم سہ رہے ہیں لیکن سر نہیں جھکا رہے ہیں ، مسلم دنیا کا اللہ حساب لے گا، ڈیڑھ ارب مسلمانوں نے قیامت کے روز حساب دینا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین والے قیامت کے روز شکایت کریں گے اور ہم جواب دیں گے ، یہ معاف نہیں ہوگا، یہ اجتماعی گناہ ہے، مشرقی ممالک میں لوگوں کا ضمیر جاگا ہواہے ، لیکن مسلمان دنیا میں ہو کا عالم ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کی جانب سے دوبارہ پاکستان پر حملے کا امکان ہے لیکن میرا خیال ہے کہ مودی کو اندر سے بھی اب سپورٹ حاصل نہیں ، ہم امن چاہتے ہیں۔