کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے آف اسپنر ساجد خان نے کہا ہے کہ وائٹ بال پر بہت کام کر رہا ہوں، جلد وائٹ بال میں بھی ایکشن میں نظر آؤں گا، خواہش ہے کہ پی ایس ایل سمیت تمام وائٹ بال کرکٹ میں کارکردگی کا مظاہرہ کروں۔ انگلش کائونٹی کاؤنٹی کرکٹ کیلئے بات چیت چل رہی ہے، جلد معاہدے کا پتہ چل جائے گا۔ جیسا ہمارا یہ سرکل ہے، امید ہے ہم ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلیں گے۔ بدھ کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کوچ عبدالرحمان کے ساتھ اسپن بولنگ پر کام ہو رہا ہے، آرم بال اور کریز کے استعمال پر کام کر رہا ہوں۔ دعا ہے پاکستان کی رینکنگ بہتر ہو، چار روزہ کرکٹ ٹیسٹ کیلئے اچھی نہیں ہے۔ اس میں زیادہ میچز ڈراہونگے، کوئی دیکھنا پسند نہیں کرے گا ۔ اسکلز کیمپ میں سینئر کھلاڑیوں سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے، اظہر محمود کے ساتھ کام کیا ہوا ہے ہمیں ان سے فائدہ ہو گا۔ ساجد خان نے کہا کہ مجھے کسی بھی نام سے پکارا جائے اعزاز کی بات ہے۔