اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ نئے مالی سال میں محصولات کی وصولی اور دیگر معاشی اہداف کو حاصل کرنے میں مستعدی کا مظاہرہ کیا جائے‘اس میں کسی قسم کی ادارہ جاتی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی‘ عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان اور گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔بدھ کو شہباز شریف کی زیر صدارت ایف بی آر کی ڈیجیٹا ئزیشن اور دیگر اصلاحات کے حوالے سے ہفتہ وار جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعظم نے کہا کہ نئے مالی سال میں محصولات کی وصولی اور دیگر معاشی اہداف کو حاصل کرنے کے لئے تمام ادارے مکمل جانفشانی سے کام کریں ۔پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کے لئے معاشی اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ محصولات کی وصولی اور معاشی اہداف کے تمام مراحل کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے ایف بی آر کے افسران کو ہدایت کی کہ محصولات کی وصولی اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں ایف بی ار عوام سے عزت و تکریم سے پیش آئیں‘ تمام سرکاری ادارے ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔وزیراعظم نے ریٹیل کے شعبے میں ایف بی آر کے پوائنٹ آف سیل سسٹم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ہدایت کی۔