اسلام آباد (فاروق اقدس) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے امریکہ کا سرکاری دورہ کیا اور عسکری و سیاسی قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ایک دہائی سے زائد عرصہ کے دوران پاک فضائیہ کے کسی بھی حاضر سروس ائر چیف کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اس دورے سے دو طرفہ دفاعی تعاون اور باہمی مفادات کو فروغ حاصل ہوگا، یہ اعلیٰ سطحی دورہ پاک امریکہ دفاعی اشتراک میں ایک تزویراتی سنگ میل ہے، یہ دورہ اہم علاقائی اور عالمی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی تعلقات کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کریگا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ عسکری تعاون، باہمی امور، مشترکہ تربیت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کیلئے نئی راہیں استوار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور امریکہ کے مابین تاریخی اور کثیر الجہتی تعلقات بالخصوص دفاعی شعبوں میں تعاون پر روشنی ڈالی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمینٹ کے اپنے دورے کے دوران ایئر چیف نے بیورو آف پولیٹیکل اینڈ ملٹری افیئرز کے مسٹر براؤن ایل سٹینلے اور بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے مسٹر ایرک میئر سے بھی ملاقاتیں کی، یہ ملاقاتیں علاقائی استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار، انسداد دہشت گردی کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے جاری کوششوں کے عزم اور جنوبی اور وسطی ایشیا کی ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی منظر نامے پر پاکستان کے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے میں انتہائی اہم ثابت ہوئیں۔