کراچی( ثاقب صغیر )رواں برس کی پہلی ششماہی میں کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے 32 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے،ڈکیتی مزاحمت پر49افراد قتل ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق سال2025میں ماہ جون تک شہر میں اسٹریٹ کرائم کے 32ہزار 412واقعات رپورٹ ہوئے۔چھ ماہ کے دوران 47شہری ڈکیتی مزاحمت پر قتل جبکہ 166زخمی ہوئے۔ اس دوران شہریوں سے8ہزار326موبائل فون چھین لیے گئے۔ رواں سال اب تک شہریوں سے 979گاڑیاں جبکہ 23ہزار 107موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئیں۔ رواں برس موبائل فون چھیننے کی یومیہ شرح 46.0، گاڑیوں کی چوری اور چھیننے کی 5.4 جبکہ موٹر سائیکلیں چھینے اور چوری کی یومیہ شرح 127.7 رہی۔ رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 49 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ پولیس ریکارڈ کے مطابق ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہے۔سال 2024 میں جون تک کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے 38 ہزار 716 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔2024 کے پہلے چھ ماہ میں ڈکیتی مزاحمت پر 71 افراد قتل اور 254 زخمی ہوئے تھے۔ گذشتہ برس کے پہلے چھ ماہ میں شہریوں سے 10 ہزار 299 موبائل فون چھینے گئے تھے جبکہ 998 گاڑیاں اور 27 ہزار 419 موٹر سائیکلیں چھینی اور چوری کی گئی تھیں۔