• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بھر میں کراچی ٹیکس وصولی میں سرفہرست، 29 فیصد ریکارڈ اضافہ

کراچی (نیوز ڈیسک)پاکستان بھر میں کراچی ٹیکس وصولی میں سرفہرست، 29فیصد ریکارڈ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ایس آر بی کی80فیصد جی ایس ٹی آمدنی کراچی ، باقی 20فیصد اندرون سندھ سے حاصل ہوئی ۔ ایل ٹی او کراچی نے 3.256 کھرب جمع کیے،جبکہ گزشتہ سال2.515کھرب وصول ہوئے تھے۔صرف جون میں 449.05 ارب روپے کی وصولی ہوئی جبکہ ایک دن میں 184.7ارب روپے اکٹھے کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا گیا۔ چیئرمین ایس آر بی کا کہنا ہے کہ کامیابی عملے کی محنت، سندھ حکومت کی حمایت اور ٹیکس دہندگان کے تعاون کا نتیجہ ہے۔مالی سال2024-25کے دوران کراچی نے شاندار مالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وفاقی اور صوبائی ٹیکس وصولی میں پورے ملک کو پیچھے چھوڑ دیا۔ کراچی میں وفاقی ٹیکس وصولی میں 29 فیصد اور سندھ ریونیو بورڈ کی خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی میں 29.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے کراچی نے قومی اور صوبائی آمدنی میں سب سے زیادہ حصہ ڈالنے والے شہر کا اعزاز برقرار رکھا۔ تخمینوں کے مطابق ایس آر بی کی 80 فیصد جی ایس ٹی کی آمدنی کراچی سے جبکہ باقی 20 فیصد اندرون سندھ سے حاصل ہوئی، چونکہ زیادہ تر کمپنیوں کے ہیڈکوارٹر کراچی میں واقع ہیں، اس لیے ان کے ٹیکس بھی کراچی میں جمع ہوتے ہیں۔ بڑے ٹیکس دہندگان دفتر (ایل ٹی او) کراچی نے مالی سال کے دوران 3.256 کھرب روپے کے محصولات جمع کیے جو گزشتہ سال کے 2.515 کھرب روپے کے مقابلے میں 29.46 فیصد زیادہ ہیں۔ انکم ٹیکس میں 32 فیصد اضافہ کے ساتھ وصولی 1.798 کھرب روپے تک جا پہنچی، سیلز ٹیکس 21 فیصد اضافے کے ساتھ 1.235 کھرب روپے رہا، جبکہ فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 63 فیصد اضافہ کے ساتھ 222.2 ارب روپے کی وصولی ہوئی۔ یہ اعداد و شمار بندرگاہی سرگرمیوں کے ٹیکسز کو شامل کیے بغیر جاری کیے گئے ہیں، جو کراچی کی اقتصادی اہمیت کو مزید اجاگر کرتے ہیں۔ سندھ ریونیو بورڈ نے مالی سال 2024-25 میں مجموعی طور پر 306.6 ارب روپے کے ٹیکس جمع کیے، جو گزشتہ مالی سال کے 236.8 ارب روپے کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ صرف جون میں 40.5 ارب روپے کی وصولی کی گئی جو ایس آر بی کی تاریخ کی بلند ترین ماہانہ وصولی ہے، یہ جون 2024 کے مقابلے میں 44 فیصد اور مئی 2025 سے 3 فیصد زیادہ ہے۔ ایس آر بی کے چیئرمین ڈاکٹر واسف علی میمن نے اس کارکردگی کو عملے کی لگن، سندھ حکومت کی حمایت اور ٹیکس دہندگان کے تعاون کا نتیجہ قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایس آر بی مالی سال 2025-26 میں زرعی آمدنی ٹیکس کی وصولی اور سروسز پر سیلز ٹیکس کے لیے نیگیٹو لسٹ ٹیرف نظام کے نفاذ کی تیاری کر رہا ہے، جو یکم جولائی 2025 سے نافذ کیا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید