اسلام آباد (اے پی پی)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت ریلوے ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ اہم اجلاس کے دوران ڈرائی پورٹس آئوٹ سورس کرنے پر غور کیا گیا ۔حنیف عباسی نے کہا کہ ڈرائی پورٹس بے پناہ آمدنی کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے، اجلاس میں مغلپورہ، اسلام آباد اور اضاخیل ڈرائی پورٹس کی آمدن و استعداد پر رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔ وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ یہ ڈرائی پورٹس بے پناہ آمدنی کی صلاحیت رکھتے ہیں، انہیں جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے تمام ڈویژنل سپرنٹنڈنٹس کو ہدایت کی کہ محنت اور اصلاحات سے مسافروں کے مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام ریلوے افسران کو بھی ہدایت کی ریلوے سٹیشنز کے بار بار دورے کریں اور براہ راست مسافروں سے رابطہ قائم کیا جائے۔وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ تمام ریلوے سٹیشنز اور ٹرینوں میں نصب گیس سلنڈرز اوگرا سے منظور شدہ ہونے چاہئیں۔ انہوں نے اسٹیشن ماسٹرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اعلان کیا کہ جو اسٹیشن ماسٹر صفائی، خوبصورتی، ہارٹیکلچر اور دیکھ بھال کے حوالہ سے بہتر کام کرے گا، اسے ذاتی طور پر انعام سے نوازا جائے گا۔