• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکی تاریخ کا سب سے بڑا 41 کھرب 43 ارب روپے کا میڈیکل فراڈ، مقدمات کی تفصیلات جاری، پاکستانی اور بھارتی ڈاکٹرز پر بھی الزامات

نیویارک (عظیم ایم میاں) امریکا کی وفاقی حکومت اور 12؍ امریکی ریاستوں کی حکومتوں کے تحقیقاتی اداروں کی مشترکہ تحقیقات کے نتیجے میں امریکی تاریخ کا سب سے بڑا ہیلتھ کیئر فراڈ سامنے آگیا ہے اور 14.6 ارب ڈالرز (41 کھرب 43 ارب روپے)کے غلط بل اور مریضوں کو میڈیکل سروسز کی عدم فراہمی یا غلط فراہمی کے الزامات کے تحت 324؍ افراد کے خلاف مقدمات بھی دائر کردیئے گئے ہیں۔ 2؍ جولائی کو امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات عدالتی کارروائی کے کاغذات اور الزامات کے ساتھ شائع کردہ فہرست میں بھارت، پاکستان اور دیگر ایشیائی نژادڈاکٹروں کے ناموں کی ایک خاصی بڑی فہرست بھی شامل ہے۔ امریکی ایف بی آئی، ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی، ہیلتھ کیئر فراڈ، مختلف امریکی ریاستوں کے 12؍ اٹارنی جنرلز اور دیگر اداروں کی تحقیقات اور کارروائی کے باعث میڈیکل سہولتوں کے اہم شعبہ میں اس قدر بڑے مالی فراڈ، بے قاعدگیوں اور عدالتی کارروائیوں کی تفصیل ایسے وقت میں سامنے لائی گئی ہے کہ جب صدر ٹرمپ کی حکومت نے میڈیکل سہولتوں کی فراہمی کے بجٹ یعنی میڈیکیڈ کے فنڈز میں بھی بڑے پیمانے پر کٹوتیاں کی گئی ہیں گو کہ یہ تحقیقاتی رپورٹ اپنی طوالت اور تفصیلات کا مکمل جائزہ اور پاکستان سمیت بعض ایشیائی ڈاکٹرز کے خلاف الزامات اور مالی اعداد و شمار کا تجزیہ ہونا باقی ہے۔ تاہم جن 324؍ افراد کے خلاف الزامات اور مالی بدعنوانیوں کے حوالے سے مقدمات کی دستاویز کے مطابق مریضوں کو علاج اور ادویات اور دیگر خدمات کی عدم فراہمی، ضرورت سے زیادہ فراہمی وغیرہ اور میڈیکل بلنگ غلط کرکے حکومت سے فراڈ کرنے کے الزامات بھی شامل ہیں جبکہ اس تحقیقات کے نتیجے میں 205؍ افراد کو حکومت کو میڈیکل بل بھیجنے کی رعایت سے محروم کرکے پابندی عائد کردی گئی۔ تحقیقات کی زد میں آنے والے ڈاکٹروں کے ناموں اور الزامات کے سرسری جائزے کے مطابق ایک درجن سے زائد پاکستانی نژاد ڈاکٹرز، 25؍ سے زائد بھارتی نژاد ڈاکٹرز بھی تحقیقات اور عدالتی کارروائی کی زد میں آئے ہیں اور میڈیکل اور مالی بے قاعدگیوں اور فراڈ کی ر قم کئی سو ملین ڈالرز سے زائد ہے۔ ابھی یہ واضح ہونا باقی ہے کہ امریکا میںقائم پاکستانی ڈ اکٹروں کی تنظیم ’’اپنا‘‘ اور بھارتی ڈاکٹروں کی تنظیم ’’آپی‘‘ امریکا میں ایسے میڈیکل فراڈ، بے قاعدگیوں اور عدالتوں سے سزا پانے والے اپنے ممبران ڈاکٹرز کے خلاف بھی کوئی اقدام اٹھاتے ہیں یا نہیں اور اس نوعیت کی کارروائیوں کی زد میں آنے والے ممبران کی ممبر شپ پر کوئی اثر پڑتا ہے یا نہیں؟ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے کہ جب پاکستانی ڈاکٹرز کی ایسوسی ایشن ’’اپنا‘‘ کا سالانہ کنونشن 9؍ جولائی سے ریاست ٹیکساس میں شروع ہورہا ہے۔

اہم خبریں سے مزید