اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) حکومت نے پاکستان کے تجارت اور سرمایہ کاری کے مفادات کے فروغ کے لیے امریکہ میں لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یورپی یونین میں جی ایس پی پلس (عمومی ترجیحی اسکیم) کی حیثیت کی تجدید کے لیے بھی لابنگ فرموں کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ وزارتِ خارجہ نے پاکستان کے تجارتی اور سرمایہ کاری کے مفادات کے فروغ کے لیے امریکہ میں فوری طور پر ایک لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی غرض سے پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے قوانین سے استثنیٰ مانگا ہے۔ اسی طرح، وزارتِ تجارت نے بھی یورپی یونین میں جی ایس پی (عمومی ترجیحی اسکیم) پلس کی سہولت میں توسیع حاصل کرنے کے لیے ایک لابنگ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی خاطر پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) کے قوانین سے استثنیٰ طلب کیا ہے۔