کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کا اجلاس، کراچی میں ٹرانسپورٹ نظام میں بہتری کیلئے پالیسی بورڈ نے پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبے کیلئے لین دین کے مشیروں کی خدمات حاصل کرنے کی منظوری دی جسکا مقصد شہر بھر میں ایک ہزار الیکٹرک بسیں متعارف کرانا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ ہاوس میں سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی بورڈ کا 47 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے بھر میں شہری آمدورفت، فنی تعلیم، تفریحی مقامات اور سڑکوں کی ربط سازی سے متعلق متعدد بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور منظوری دی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سعید غنی، ضیاء الحسن لنجار، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ آغا واصف، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اور ڈائریکٹر جنرل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ یونٹ اسد ضامن، بورڈ کے اراکین اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔