پشاور (خصوصی نامہ نگار) ترکی کے ماہر کارڈیک سرجنز کی جانب سے 70 کامیاب پیڈیاٹرک سرجریز کی تکمیل پر لیڈی ریڈنگ اسپتال میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی مشیر صحت احتشام علی تھے، اس موقع پر ترکی کے ماہرین کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ سرجریز ترکی سے آئے ہوئے 10 مایہ ناز کارڈیک سرجنز پر مشتمل وفد نے انجام دیں، جو “لٹل ہارٹ مشن” کے تحت خیبر پختونخوا میں انسانی خدمت کی غرض سے آئے تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت احتشام علی نے ترکی سے آئے ماہرین کو صوبائی حکومت کی جانب سے خوش آمدید کہا اور ان کی بے مثال خدمات کو سراہا۔ اُنہوں نے کہا کہ سر فخر سے بلند ہے کہ ہم نے 70 ننھے بچوں کی جان بچائی، یہ صرف ایک کامیاب مشن نہیں بلکہ انسانیت کی خدمت کا عظیم مظاہرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل آر ایچ پیڈیاٹرک یونٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کیا ہے، اس مشن سے نہ صرف بچوں کو نئی زندگی ملی بلکہ مقامی عملے کی پیشہ ورانہ استعداد میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ ا۔ انہوں نے کہا کہ مونٹاڈا اب تک 14 ممالک میں 50 مشنز کے دوران 3000 سے زائد سرجریز انجام دے چکی ہے، جس سے ہزاروں بچوں کی جانیں بچائی گئی ہیں۔