پشاور (نیوز رپورٹر)پشاور ہائیکورٹ نے پشاور ائیرپورٹ پر بیرون ملک آئس سمگل کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیدیا٬ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس کامران حیات میاں خیل نے ملزم رحمت ساکن باڑہ اکاخیل کی ضمانت درخواست کی سماعت کی ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم کو باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس کے اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا اور ملزم کے بیگ سے 745 گرام آئس برآمد کیا تھا جو وہ بیرون ملک سمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا۔ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا تھا۔ دوران سماعت ملزم کے وکیل لیاقت علی آفریدی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس شواہد موجود نہیں ہیں جس کی بنیادپر ملزم کو ٹرائل کے اختتام تک جیل میں رکھا جا سکے ، عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد ملزم کی ضمانت درخواست منظور کرلی اور اسے ضمانت پر رہا کرنے کا حکم جاری کردیا۔