کراچی(اسٹاف رپورٹر) سینئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے کہا ہے کہ آل رسول ﷺ تاریخ رقم کرگئے جسے ہم سب کو آگے بڑھانا ہے۔ یزیدی قوتوں کو نیست و نابود کرنا ہے،عاشورہ ہمیں یہی درس دیتا ہے۔ ہم سب کو تمام فرقہ وارانہ سازشوں کو ناکام کرتے ہوئے ملک میں اتحاد اور یک جہتی کو فروغ دینا ہوگا، بھارت اور اسرائیل مسلمانوں کے مشترکہ دشمن ہیں جو اس کوشش میں ہیں کہ مسلمانوں کے اتحاد کو پارہ پارہ کیا جائے مگر ان کا یہ خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر ہمیں اس دور کے یزیدی دشمن بھارت سے ہوشیار اورچوکنا رہنا ہوگا جو حالیہ جنگی شکست کے بعد میں اس اہم موقع پر پاکستان میں دہشت گردی کرسکتا ہے، علمائے کرام کو بھی اس سلسلے میں مکمل یک جہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسین نے جن عظیم مقاصد کے لئے قربانی دی تھی ہمیں آج ملکی ترقی کے لئے اسی قسم کی قربانیوں کی ضرورت ہے جس میں ذاتی مفادات کو قربان کرنا ہوگا، معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنا ہوگا، دہشت گردوں کے آلہ کاروں کو اپنی صفوں سے نکال کرکے ان کے سہولت کاروں کو بھی کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا،پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا۔