حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) سینٹرل جیل حیدرآباد میں صوبائی وزیر کے کمدار کے قتل کے مقدمہ میں گرفتار 60سالہ شخص پر اسرار طورپر انتقال کرگیا‘ قیدی کی لاش سول اسپتال سے پوسٹمارٹم کے بعدورثا کے حوالے کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق 20روز قبل مٹیاری تھانے کی حدود جونیجو موری کے علاقے میں اراضی کے تنازعہ پرفائرنگ کے دوران صوبائی وزیر کے کمدار کمال حاجانو کے قتل کے الزام میں پولیس نے 60سالہ فقیر محمدکھوسو کو گرفتار کرکے سینٹرل جیل حیدرآباد بھیجا تھا جہاں وہ گذشتہ روز پراسرار طورپر انتقال کرگیا تھا ۔جیل حکام نے اس کی لاش سول اسپتال منتقل کی تھی جہاں سول جج وجوڈیشل مجسٹریٹ کی نگرانی میں پوسٹمارٹم اورضروری کاروائی کے بعدلاش ورثا کے حوالے کردی ہے۔ جیل انتظامیہ کا کہناہے کہ قتل کیس میں گرفتار قیدی کو دل کا دورہ پڑاتھا جس کے باعث وہ جانبرنہ ہوسکاتھا۔