اسلام آباد (رپورٹ: حنیف خالد) وزارت تجارت، حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے جنرل باڈی، ایگزیکٹو کمیٹی اور موجودہ عہدیداران کی مدت میں ایک سال کی ایک مرتبہ کی توسیع کی منظوری دے دی گئی ، جس کے تحت ان کا عہدہ اب سال 31 دسمبر 2026 تک رہے گا۔ یہ فیصلہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کی سفارش پر کیا گیا جس کے تحت وزارت تجارت نے ایک سمری کابینہ ڈویژن کو ارسال کی، جسے بعد ازاں وفاقی کابینہ نے منظور کر لیا۔ اس اقدام کا مقصد تجارتی تنظیمی ڈھانچے میں ہم آہنگی پیدا کرنا اور انتظامی تسلسل کو یقینی بنانا ہے تاکہ FPCCI کی فعالیت، پالیسی امور میں استحکام، حکومت کے ساتھ مشاورت، اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی مؤثر نمائندگی ممکن ہو سکے۔ فیڈریشن کے موجودہ صدر عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر ٹاقب فیاض مگون اور دیگر نائب صدور ذکی اعجاز، محمد امان، آصیف سخی، آصیف انعام، زین افتخار چوہدری، عبدالمہین خان، ناصر خان، اعوان علی سید، قرّات العین، طارق خان جدون اور اشفاق احمد اپنی موجودہ ذمہ داریاں اب ایک اضافی سال کے لیے جاری رکھیں گے۔ وزارت تجارت کے مطابق، اس فیصلے پر عمل درآمد کے لیے متعلقہ ادارے اقدامات کریں گے۔