کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) مختلف سیاسی اور کشمیری جماعتوں کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے موثر سفارت کاری کے ذریعےعالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اجاگر کیا ،عالمی برادری جموں کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکنے میں اپنا کردار ادا کرے،کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے،افواج پاکستان نے بھارت کو حالیہ جنگ میں شکست دے کر مودی کاغرور خاک میں ملادیا ،فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر اور افواج پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں ،کشمیری رہنما شہید برہان مظفر وانی کی کشمیر کی آزادی کے لیے کی گئی جدوجہد اور مشن کو جاری رکھا جائے گا،شہید کشمیری رہنماء برہان وانی کی یاد اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے آج منگل کو آرٹس کونسل سے پریس کلب تک بنیان مرصوص ریلی نکالی جائے گی ،ریلی میں تمام جماعتیں اور عوام شریک ہوں گے،ریلی کا پیغام ہے کہ کشمیر بنے گا پاکستان ،ان خیالات کااظہار مقررین نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور کل جماعتی حریت کانفرنس جموں کشمیر کی جانب سے برہان مظفر وانی کی نویں برسی پر منعقد سیمینار بعنوان شہید کی جو موت ہے،قوم کی حیات سے خطاب کرتے ہوئے کیا،سیمینار سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی ،وزیر بلدیات سندھ سعید غنی ، سید پرویز شاہ ایڈووکیٹ، سید یوسف نسیم رکن سندھ اسمبلی طحہٰ احمد خان ، ندیم اعوان، اقبال کشمیری ،خاتون کشمیری رہنماء سردار ام کلثوم اور دیگر نے خطاب کیا۔