اسلام آباد (عاصم جاوید ایوب ناصر ) جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی درخواست پر پاکستان تحریک انصاف سمیت 27 یوٹیوب چینلز بلاک کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ پیکا ایکٹ کے تحت یوٹیوب چینلز بلاک کی درخواست پر سماعت کے جاری تحریری حکم نامہ میں عدالت نے حکم نامہ میں کہا گیا کہ ریاست مخالف مواد کے حوالے سے نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی نے 2 جون کو انکوائری شروع کی۔ نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی کی جانب سے فراہم کئے گئے شواہد سے عدالت مطمئن ہے جس پر قانون کے مطابق کارروائی کر سکتے ہیں۔ یوٹیوب کے آفیسر انچارج کو حکم دیا جاتا کہ ہے 27 یوٹیوب چینل بلاک کرنے کیلئے اقدامات کرے۔ جبکہ تحریک انصاف نے پی ٹی آئی سمیت دیگر یوٹیوب چینلز کی بندش پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان اور امریکہ سمیت تمام متعلقہ قانونی فورمز پر بھرپور مزاحمت کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی نے چیف جسٹس سے بنیادی آئینی حقوق غصب کر نے پر فوری نوٹس کی اپیل بھی کی ہے۔