اسلام آباد (نمائندہ خصوصی، سپورٹس رپورٹر ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہا اسپورٹس جرنلسٹس نے گراس روٹ لیول سے لے کر بین الاقوامی مقابلوں تک کھیلوں کو نمایاں کیا، سپورٹس جرنلزم کی حوصلہ افزائی ہماری ترجیحات میں شامل ہے،حکومت اسپورٹس جرنلسٹس کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ ہم سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایسی قوم سے وابستہ ہیں جہاں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ وہ منگل کو مقامی ہوٹل میں راولپنڈی اسلام آباد جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی کھیلوں کی تاریخ میں جتنا بھی نام اور وقار پیدا ہوا، اس کے پیچھے سپورٹس جرنلسٹس کی انتھک محنت کار فرما ہے، سپورٹس جرنلزم نے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں نوجوان کھلاڑیوں کے لئے امید، حوصلہ اور عزم کا پیغام دیا، ارشد ندیم جیسے قومی ہیروز کی کامیابیاں ہوں یا پاکستان کی کرکٹ، ہاکی اور باکسنگ کی شاندار روایات، ان سب کو قوم کے سامنے لانے میں سپورٹس جرنلسٹس کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی کامیابی میں سپورٹس جرنلزم کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے ہمیں ان کی مسلسل حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد بھی دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ نومنتخب عہدیداران سپورٹس جرنلزم کو فروغ دینے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ تقریب میں سی ای او سرینہ ہوٹل عزیز بولانی، اولمپین شہباز سینئر، اولمپین صدف صدیقی، باکسر عثمان وزیر، پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے صدر افضل بٹ، نیشنل پریس کلب کی سیکرٹری نیر علی، سیکرٹری فنانس وقار عباسی، عالیہ رشید سمیت مختلف کھیلوں، صحافتی تنظیموں کے عہدداران نے بھی شرکت کی۔