برطانوی شہر یارکشائر میں شدید گرمی اور کم بارش کے بعد پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی کے باعث ہوز پائپ کے استعمال پر عارضی پابندی عائد کر دی گئی ہے، یہ پابندی 11 جولائی سے نافذ العمل ہوگی۔
یارکشائر واٹر کے مطابق علاقے کے آبی ذخائر اس وقت صرف 55.8 فیصد پر ہیں، جو اس وقت سال کے معمول کے مقابلے میں 26.1 فیصد کم ہے۔
جون میں ماحولیاتی ایجنسی کی جانب سے یارکشائر میں قحط سالی کا اعلان کیا گیا تھا اور آئندہ ہفتوں میں مزید شدید گرمی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یارکشائر واٹر کے ڈائریکٹر آف واٹر ڈیوی کیے نے کہا کہ ہمیں ابھی کارروائی کرنا ہوگی تاکہ پانی کی بچت کی جاسکے اور یارکشائر کے قدرتی ماحول کی حفاظت ہو۔
حکام کے مطابق پانی کی فراہمی کو متوازن رکھنے کے لیے کوششیں جاری ہیں مگر ان تمام کوششوں کے باوجود پانی کی قلت برقرار ہے۔
یارکشائر واٹر نے اپیل کی ہے کہ عوام ان سے تعاون کریں تاکہ قیمتی پانی کو بچایا جاسکے اور علاقے میں قحط کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔