کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام لیاقت آباد نمبر 10پر شہدا اردو کی برسی کے موقع پر ان کے مزار پر دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں سینئر رہنما سید حیدر عباس رضوی، حق پرست رکن قومی اسمبلی احمد سلیم صدیقی، مسعود محمود، مرکزی رہنما اشرف علی، عبدالقادر خانزادہ، زاہد منصوری، مہاجر رابطہ کونسل کے صدر قہر بندھانی و اراکین کمیٹی، مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر رہنمابھی موجود تھے، علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر ان کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، دریں اثناءمتحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام محترمہ فاطمہ جناح کی برسی کے موقع پر ویمن کنونشن سینٹر گلشن شمیم فیڈرل بی ایریا میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا، سینئر مرکزی رہنما نسرین جلیل نے خطاب کرتے ہوئے ملک و قوم کے لئے محترمہ فاطمہ جناح کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا، مرکزی رہنما کشور زہرا نے کہا کہ فاطمہ جناح کی زندگی خواتین کے لئے مشعل راہ ہے، انچارج مرکزی شعبہ خواتین مریم خاتون، سابق رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت ، حق پرست اراکین قومی اسمبلی رعنا انصار، نکہت شکیل، سینیٹر خالدہ اطیب اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔