لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے گزشتہ روز لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں شیر کے حملے میں زخمی ہونے والی خاتون کے گھر جا کر متاثرہ خاتون سے ملاقات کی، ان کی عیادت کی اور واقعہ کی مکمل تفصیلات حاصل کیں۔چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے متاثرہ خاتون کو پنجاب حکومت کی جانب سے ہر ممکن قانونی اور طبی معاونت کی یقین دہانی کروائی اور پولیس سے کیس کی پیش رفت پر بریفنگ بھی لی۔اس موقع پر انہوں نے کہا: "شیر جیسے خطرناک جانوروں کو رہائشی علاقوں میں رکھنا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ انتہائی سنگین غفلت ہے۔ اس واقعے نے ثابت کیا ہے کہ چند افراد کی لاپرواہی پورے محلے کے لیے خطرہ بن سکتی ہے ۔