لاہور(اپنے نامہ نگار سے) سی ای او لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ مون سون بارشوں میں لیسکو کا ہر اہلکار عوامی خدمت کیلئے ہائی الرٹ ہے، بجلی کی بلا تعطل فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ مون سون کی موسلا دھار بارش کے باعث لیسکو کے 23 فیڈرز ٹرپ کر گئے تھے۔ بارش کے پیشِ نظر لیسکو کے اعلیٰ حکام پاور ڈسٹری بیوشن سنٹر (PDC) میں موجود رہ کر صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ اس وقت بجلی کی سپلائی ڈیمانڈ کے مطابق ہے اور کوئی شارٹ فال نہیں ہے۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے ہدایت کی ہے کہ تمام فیلڈ سٹاف بجلی کی سپلائی بحال کرتے وقت مکمل حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ ترجمان لیسکو نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بجلی سے متعلق کسی بھی شکایت یا مسئلے کی صورت میں قریبی لیسکو دفتر سے رجوع کریں یا 118 پر رابطہ کر کے اپنی شکایت درج کروائیں۔