کوئٹہ (نمائندہ جنگ)کوئٹہ سے پنجاب جانے والی کوچ کو مسلح افراد نے ژوب کے علاقے ڈب سرہ ڈھاکہ کے قریب روک کر 10مسافروں کو شناخت کے بعد اغوا کر لیا ۔ ان میں سے رات گئے 9 افراد کی لاشیں فورسز کو پہاڑی علاقے سے مل گئیں جبکہ ایک شخص کو مسلح افراد نے چھوڑ دیا ۔مسلح افراد نے ڈب سرہ ڈھاکہ کے مقام پر کوچ کو روکا اور پنجاب کا شناختی کارڈ رکھنے والے مسافروں کو اتار کر ساتھ لے گئے، ان میں ایک مسافر کو چھوڑ دیا،رات گئے فورسز کو مارے جانے والوں کی لاشیں پہاڑی علاقے سے ملیں،کومتی ترجمان شاہد رند نےبتایا کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نےکوچ پر حملہ کیا اور بیگناہ لوگوں کو شہید کیا، سیکورٹی فورسز نے بھر پور ر سپانس دیا، عوام کی جان، مال اور املاک کی حفاظت کیلئے فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں، کمشنر لورالائی ڈویژن سعادت حسین نے بتایا کہ ملنے والی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔ حکومتی ترجمان نے کہا ہے کہ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نےکوچ پر حملہ کیا سیکورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور رسپانس دیا ۔ مسافروں کی بازیابی کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے پنجاب جانے والی کوچ کو درجنوں مسلح افراد نے ژوب کے علاقے ڈب سرہ ڈھاکہ کے قریب روک کر مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کئے 12 مسافروں جن کے شناختی کارڈ پنجاب کے تھے کو کوچ سے اتار کر اپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع نے بتایا کہ عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ جمعرات کی شام کوچ جب ڈب سرہ ڈھاکہ کے قریب پہنچی تو مسلح افراد نے سڑک بلاک کر کے کوچ کو روکا اور اندر جا کر تمام مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے اور جن مسافروں کے شناختی کارڈ پنجاب کے تھے انہیں کوچ سے اتارکر لے گئے۔