کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ بھارتی حکمرانوں نے پاکستان کے ساتھ دشمنی انتہا تک پہنچا دی ہے،ہماری فوج نے اچھا جواب دیا ہے لیکن پھر بھی ہمیں انڈیا کی طرف سے چوکنا رہنے کی ضرورت ہے،میزبان محمد جنید نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ غزہ میں انسانی المیہ سنگین سے سنگین ہوگیا ہے ۔ ٹرمپ کی نیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں کہ وہ جنگ بندی چاہتے ہیں تو اب تک کوئی پیشرفت کیوں نہیں ہوسکی ہے۔سابق سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے کہاکہ اس وقت جو ہندوستان میں حکومت کر رہے ہیں انہوں نے پاکستان کے ساتھ دشمنی انتہا تک پہنچا دی ہے اور حالیہ حرکتوں سے واضح ہے کہ مودی کا جنگی جنون ابھی تک نہیں اترا ہے اور یہ بات واضح کر رہا ہے کہ ان کا غرور انہیں چین نہیں لینے دے رہا ہے ۔