اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار ) تھانہ کراچی کمپنی کی حدود میں واقع پمز اسپتال کے قریب ایک نامعلوم شخص نے اچانک تین افراد پر بلیڈ/کٹر سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں تینوں افراد زخمی ہو گئے۔ واقعہ دن دہاڑے پیش آیا، جب جائے وقوعہ کے قریب موجود شہری اور میٹرو بس اسٹاف خوف و ہراس کا شکار ہو گئے۔ عینی شاہدین نے فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر تین بار کال کی مگر پولیس ایک گھنٹے بعد بھی نہ پہنچ سکی۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت حملہ آور کو قابو میں کر کے چارپائی سے باندھ دیا تاکہ مزید کسی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے۔پوش علاقے میں پولیس کا اتنی تاخیر سے نہ پہنچنا انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اگر شہری خود کارروائی نہ کرتے تو حملہ آور مزید افراد کو بھی نقصان پہنچا سکتا تھا۔