اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر)سرویکل کینسر کی شرح میں اضافے کے باعث حکومت نے پہلی مرتبہ انسداد سرویکل کینسر کی ویکسین متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ مہم 15 سے 27 ستمبر تک جاری رہے گی جس کا مقصد بچیوں کو مستقبل میں سرویکل کینسر سے تحفظ فراہم کرنا ہے۔ اس مہم کے ذریعے پنجاب، سندھ، اسلام آباد، اور آزاد جموں و کشمیر میں 9 سے 14 سال کی عمر کی ایک کروڑ تیس لاکھ لڑکیوں کو سرویکل کینسر سے بچاؤ کی سنگل ڈوز ویکسین مفت لگائی جائے گی۔ اس حوالے سے، ڈوپاسی فاؤنڈیشن نے فیڈرل ڈائریکٹریٹ آف امیونائزیشن کا ساتھ شراکت داری کے تحت، گاوی،ویکسین الائنس کے تعاون سے سرویکل کینسر فری پاکستان کے لیے ایک اسٹریٹجک آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کیا۔