کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی نے سندھ میں بدترین بدامنی اورڈاکوراج کے خلاف جلد وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیرائو کا اعلان کردیا،مرادعلی شاہ حکومت اورادارے قیام امن اورشہریوں کی جان ومال کے تحفظ میں بری طرح ناکام ثابت ہوئے ہیں،سندھ میں اسٹیبلشمنٹ کی حمایت سے سسٹم کے نام پر کرپشن و لوٹ مار جاری ہے،ان خیالات کا اظہار امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے قباءآڈیٹوریم میں منعقدہ مجلس شوریٰ سندھ کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا،اجلاس میں سیاسی،دعوتی تنظیمی عوامی صورتحال پرغورسمیت آئندہ مالی سال کا بجٹ ودیگرامورکی منصوبہ بندی کی گئی ، کاشف سعید شیخ نے مزید کہاکہ کراچی تا کشمور سندھ میں امن وامان کی مخدوش صورتحال ، ڈاکو راج اور قبائلی تصادم نے عوام کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے،امن کے نام پر گزشتہ سال دوسوارب اور اس سال کے بجٹ میں234 ارب روپے رکھے گئے ہیں مگر حالات میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی ، ویسے تو پورا صوبہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے مگر بالائی سندھ کے لاڑکانہ و سکھر ڈویڑن میں شام کے بعد سڑکیں ویران ہوجاتی ہیں،اغوا برائے تاوان ایک منافع بخش کاروبار بنادیا گیا ہے۔