• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہریوں کو اجرک کی نمبر پلیٹ لگانے پر مجبور نہ کیا جائے، ڈاکٹر سلیم حیدر

کراچی(نیوز ڈیسک ) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ شہریوں کو اجرک کی نمبرپلیٹ لگانے پر مجبور نہ کیا جائے، کراچی میں چھ ماہ کے دوران 458 افرد تیز رفتار ڈمپر ، لوڈر اور ٹرکوں کی زد میں آکر جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے لیکن حکومت نہ تو ان متاثرہ افراد کی داد رسی کرسکی اور نہ ہی ان واقعات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جاسکا ہے لیکن کراچی میں اجرک کی نمبر پلیٹ نہ لگانے والوں کےخلاف پوری سندھ حکومت ، انتظامی مشینری اور پولیس اس قدر سرگرم ہے کہ موٹر سائیکلوں اور دیگر گاڑیاں رکھنے والوں کا جینا دوبھر کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اجرک سندھیوں کی ثقافت ہے اس سے عام افراد کا کوئی تعلق نہیں ہے ، حکومت اپنی ثقافت بزور طاقت مہاجر سمیت کسی اور قومیت پر مسلط نہیں کرسکتی۔ مہاجروں کی اپنی ثقافت، اپنا ورثہ اور اپنا کلچر ہے ہم کسی دیہاتی ثقافت کو نہیں مانتے اور نہ ہی کوئی حکومت آئینی ، قانونی اور اخلاقی طورپر ہمیں مجبور کرسکتی ہے کہ ہم ان کی ثقافت کو تسلیم کریں۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر ورثہ مہاجروں کی شاندار تاریخ ہے ، ہمیں اپنی تاریخ اور ورثہ پر فخر ہے ، پہلے ہی کراچی پر دیہاتی حکومت مسلط کرکے کراچی کو گوٹھ بنادیا گیا ہے ، پورا کراچی کھنڈر ہوچکا ہے ، ملک میں سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر کراچی بنیادی سہولیات اور حقوق سے محروم ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید