لاہور(خالدمحمودخالد) بھارتی مقبوضہ کشمیر میں مودی کے نمائندہ لیفٹیننٹ گورنر نے برطانوی تسلط میں مہاراجہ ہری سنگھ کی آمرانہ حکومت کے خلاف لڑائی میں مارے جانے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ʼیوم شہداʼ تقریب کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور یوم شہداء کشمیر منانے سے روکنے کیلئے کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ عمر عبداللّٰہ کو بھی دہلی سے واپس آنے کے فوراً بعد ان کے گھر میں نظر بند کر دیا۔ ان کے ساتھ ساتھ ان کی حکومت کے کئی وزراء، ایم ایل ایز اور حکمران جماعت اور اپوزیشن کے سرکردہ رہنماؤں کو یوم شہداء کشمیر منانے سے روکنے کے لیے گھروں میں نظر بند کر دیا گیا۔ وزیراعلی عمر عبداللّٰہ نے اپنی نظر بندی کو جموں و کشمیر میں غیر منتخب لوگوں کا ظلم قرار دیا۔ انہوں نے اپنے گھر کے باہر پولیس کی ایک بڑی نفری اور مین گیٹ کے باہر کھڑی بکتر بند گاڑیوں کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد تصاویر شیئر کیں۔