کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر بھر میں پلوں، عوامی عمارتوں، کھمبوں اور چار دیواری سے چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شہریوں کی جانب سے متعدد شکایات موصول ہونے کے بعد میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے نشے کے عادی ایسے تمام افراد کے خلاف شہر بھر میں فوری کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دیے ہیں جو سڑکوں، فٹ پاتھوں اور دیگر عوامی مقامات پر قابض ہیں۔
میئر کراچی کی ہدایات پر ان افراد کو پہلے سٹی وارڈنز ہیڈ کوارٹرز منتقل کیا جائے گا اور بعد ازاں بحالی مراکز پہنچایا جائے گا۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان دانیال سیال کے مطابق تمام اضلاع میں سٹی وارڈنز کی خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ یہ عمل محفوظ، انسانی ہمدردی کے تحت اور منظم طریقے سے مکمل کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق اس اقدام کا مقصد صرف وقتی کارروائی نہیں بلکہ ان مقامات پر دوبارہ قبضے کی روک تھام بھی ہے یہ معاملہ متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں زیرِ بحث آ چکا ہے جن کی صدارت میئر کراچی خود کر چکے ہیں اور خاص طور پر عوامی انفراسٹرکچر کی چوری اور نقصان پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
طویل المدتی حل کے طور پر کے ایم سی کی جانب سے بڑے پیمانے پر بحالی مراکز کے قیام کے لیے زمین فراہم کرنے کی پیشکش بھی کی جا چکی ہے تاہم میئر کراچی کی ہدایت پر یہ منصوبہ اب ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ افراد نہ صرف شہر کے قیمتی انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ چند روپوں کی خاطر کراچی کی خوبصورتی، عوامی سلامتی اور سرکاری املاک کو خطرے میں ڈال رہے ہیں یہ عمل ہمارے شہر کی سماجی اقدار کو بھی متاثر کر رہا ہے۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی عوامی مقامات پر نظم و ضبط کی بحالی، سرکاری اثاثوں کے تحفظ اور متاثرہ افراد کی سماجی بحالی کے جامع اقدامات کے ذریعے معاشرے میں دوبارہ کارآمد شہری کی حیثیت سے ان کی شمولیت یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔