• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمٰن کے بھائی نے گنڈاپور کا الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کرلیا

پشاور(نمائندہ جنگ) جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن کے بھائی انجینئر ضیاالرحمن نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کا الیکشن لڑنے کا چیلنج قبول کر تے ہوئے کہاہے کہ علی امین گنڈا پور تمہاری اتنی اوقات نہیں کہ مولانا فضل الرحمن تمہارا چیلنج قبول کریں،کیسے تمہارے لیڈر کو اقتدار کی کرسی سے گھسیٹ کرنکالا، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمن کے بھائی پر جوابی وار کرتے ہوئے کہاہے کہ میرے بھائی کے مقابلہ کا سوچنا بھی آپ کے بس کی بات نہیں، کیسے آپ بھائیوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور نے جمعیت علمائے اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمان کو الیکشن لڑنے کا چیلنج دیا تھا جس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کے بھائی انجینئر ضیا الرحمان نے ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور تمہارا چیلنج قبول ہے، تمہاری اوقات نہیں کہ مولانا فضل الرحمان تمہارا چیلنج قبول کریں،انہوں نے وزیر اعلی پختونخوا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تم مفتی محمود کے اس بیٹے سے مقابلہ کرکے دکھاؤ، مولانا فضل الرحمان نے تمہارے لیڈر کو اقتدار کی کرسی سے گھسیٹ کر نکالا تھا، آپ اپنے بھائی سے استعفیٰ دلوا کر ان کا مجھ سے مقابلہ کروادیں ، ضیاالرحمان نے کہاکہ علی امین گنڈاپور کے انداز گفتگو اور تکلیف سے اندازہ ہورہا ہے کہ ان کا سیاسی اثرورسوخ اور وقت اب ختم ہو چکا ہے، دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے بھائی عمرامین گنڈا پور نےکہا ہے کہ ضیاءالرحمان کو اپنے سیاسی قد کاٹ کا اندازہ ہونا چاہیے،میرے بھائی کے مقابلے کا سوچنا بھی ان کے بس میں نہیں، ان لوگوں نے اسلام کے نام پر سیاست کرکے ہمیشہ اسلام آباد کی طلب کی ہے، عمر امین نے کہاکہ عوام آپ سب کو پہچان چکے ہیں اس لئےآپ لوگوں کی ضمانتیں ضبط ہوئیں،ہم نے مولانا کو خیبرپختونخوا سے باہر نکالا، اس لئے آج وہ پشین میں چھپ کر سیاست کر رہے ہیں۔

ملک بھر سے سے مزید