• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تونسہ پر درمیانے، گڈو و سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب، نقل مکانی شروع

سکھر (بیورو رپورٹ) مون سون بارشوں کے سبب دریاؤں میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ دریائے سندھ کے گڈو اور بیراج پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جبکہ تونسہ بیراج پر پانی کی سطح سوا چار لاکھ کیوسک سے تجاوز کرگئی ہے اور درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گڈو و سکھر بیراج کی طرف آرہے ہیں۔ کچے کے علاقے زیر آب آنا شروع ہوگئے ہیں، کسی بڑے نقصان سے محفوظ رہنے کے لئے لوگوں نے نقل مکانی بھی شروع کردی ہے۔ انچارج کنٹرول روم سکھر بیراج عبدالعزیز سومرو کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی سطح 426400کیوسک ہے، یہاں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے جبکہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 355283، اخراج 315558، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 278500اور اخراج 225260ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گڈو اور سکھر بیراج سے فی الوقت نچلے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں، بالائی علاقوں میں بارشیں جاری رہنے اور مزید پانی آنے کی صورت میں سیلابی صورتحال بتدریج نچلے سے درمیانے درجے میں تبدیل ہونے کے امکانات ہیں۔ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 68817اور اخراج 26107 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب گڈو سے سکھر بیراج تک کے درمیان میں آنیوالے کچے کے وہ علاقے جو سالہا سال خشک رہتے ہیں اب زیر آب آرہے ہیں، ان علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں نے اپنے اہل خانہ، مال و مویشیوں کے ہمراہ محفوظ مقامات کی سمت نقل مکانی کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔ مزید براں محکمہ آبپاشی کی جانب سے دریائی بندوں، پشتوں، بیراجوں، کینالوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، افسران و عملہ مستعدی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کررہا ہے۔
اہم خبریں سے مزید