اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں دانش سکولز کی تعمیر پر کام کو تیز کیا جائے، دانش اسکولز اور دانش یونیورسٹی کی تعمیر میں ڈیجیٹل اور جدید کلاس رومز پر زیادہ سرمایہ کاری کی جائے، بطور خادم پاکستان قوم کے بچوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم و تربیت اپنی اولین ذمہ داری سمجھتا ہوں۔وزیرِ اعظم نے ان خیا لات کا اظہار گزشتہ روز اپنی زیر صدارت ملک بھر میں دانش اسکولز اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر کے حوالے سے پیشرفت پر جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ وزیر اعظم نے ہدایت دی کہ دانش سکولز میں اساتذہ کو بہترین پیکیج فراہم کیا جائے،اساتذہ اور اسٹاف کی بھرتیوں میں شفافیت اور میرٹ کو مرکزی اہمیت دی جائے، دانش اسکولز یونیورسٹی میں عالمی معیار کے جدید علوم کی تعلیم پر توجہ مرکوز کی جائے،انہوں نے کہا پورے ملک میں دانش اسکولز کے قیام سے ہزاروں بچے مستفید ہونگے، ہر طبقے کو اعلی تعلیم و تربیت کے یکساں مواقع کی فراہمی کیلئے ہمیشہ کوشاں رہونگا۔