اسلام آباد(قاسم عباسی ) وزارتِ قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے سبکدوش ہونے والے وفاقی سیکرٹری نے محکمہ تحفظِ نباتات (DPP) کے افسران کے خلاف بھارت سے غیر قانونی اور غیر منظم درآمدات کے اسکینڈل کے سلسلے میں سخت تادیبی کارروائیاں کی ہیں۔وفاقی سیکرٹری وسیم اجمَل کی جانب سے جاری کردہ احکامات، جن کی نقول دی نیوز کو موصول ہوئی ہیں ان کے مطابق ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) ڈاکٹر اللہ دتہ عابد کو برطرف کر دیا گیا ہے، جب کہ سابق ڈائریکٹر محمد سہیل شہزاد کو بدعنوانی اور سول سروس قوانین کی خلاف ورزیوں پر شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ان افسران پر الزام ہے کہ انہوں نے سائنسی منظوری کے بغیر غیر مجاز فائیٹو سینیٹری اقدامات اور رعایتیں جاری کیں، معطلی کے دوران دفتر حاضری سے گریز کیا، اور ایسی سرگرمیوں میں ملوث رہے جو سرکاری معیار کی خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔دی نیوز نے حالیہ دنوں بھارت سے میتھائل برومائیڈ (MB) — جو کہ ایک سختی سے ریگولیٹ کی جانے والی جراثیم کش گیس ہے — کی غیر قانونی درآمد کا انکشاف کیا، جو ڈی پی پی کی نگرانی میں پاکستان کی امپورٹ پالیسی اور کئی قومی سلامتی کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔