• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی میں کچرا جلانے سے منع کرنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارےکے اہلکار کا پروفیسر پر تشدد

کراچی(اسٹاف رپورٹر )جامعہ کراچی میں کچرا جلانے سے منع کرنے پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار نے پروفیسر پر تشدد کیا۔ تفصیلات کے مطابق جامعہ کراچی کے اسٹاف ٹاؤن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے ایک افسر نے بکریاں پال رکھی ہیں۔ ان بکریوں کو مچھروں سے بچانے کے لئے کچرے کو آگ لگائی جس سے دھواں پروفیسر ڈاکٹر آفاق احمد صدیقی کے گھر میں بھر گیا۔ پروفیسر نے متعلقہ افسر کے گارڈ کو کچرہ جلانے سے منع کیا جس پر دونوں میں تکرار ہوئی جس پر اہلکار جو کہ متعلقہ افسر کے گھر میں گارڈ کے فرائض انجام دے رہا تھا نے پروفیسر ڈاکٹر آفاق احمد صدیقی کو تھپڑ رسید کر دیا جس سے ان کا چشمہ ٹوٹ گیا بلکہ ان کی آنکھ میں زخم بھی آیا۔ جامعہ کراچی کے اساتذہ کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پروفیسر آفاق احمد صدیقی نے اہلکار کا گریبان پکڑا تھا جس پر اہلکار نے اپنا دفاع کیا۔واقعہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔واقعہ پر جامعہ کراچی کے اساتذہ نے سخت تشویش اظہار کیا ہے۔ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی نے واقعہ سے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کو آگاہ کیا۔ جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے۔اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے ادارے کا موقف سامنے نہیں آیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید