لاہور،پاکپتن،ہارون آباد،صفدر آباد(نیوز رپورٹر،کرائم رپورٹر،خصوصی رپورٹر،نمائندگان جنگ، نامہ نگاران) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جمعرات کو نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سنٹر اسلام آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو حالیہ مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ شہباز شریف نے آئندہ سالوں میں مون سون اور کلاؤڈ برسٹ سے پیدا ہونے والی کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی، این ڈی ایم اے صوبوں کے ساتھ مل کر اس سلسلہ میں مربوط منصوبہ بندی کرے، وزارت منصوبہ بندی اور وزارت موسمیاتی تبدیلی اس سلسلہ میں تعاون فراہم کریں۔ ادھرلاہور اور پنجاب کے دیگر شہروں میں مون سون بارشوں سے تباہی اور نقصانات کی اطلاعات ہیں۔ لاہور میں بارش سے بوسیدہ چھتیں،عمارتیں گرنے کے واقعات میں ایک ہی خاندان کے 3افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب عمارت کی بوسیدہ چھت اچانک زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں 60 سالہ بزرگ خاتون ثمینہ، 35 سالہ حسن اور 5 سالہ رجب ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور تقریباً 12 گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد تینوں افراد کی لاشوں کو ملبے سے نکالا۔ ذرائع کے مطابق گھر کا سربراہ ذوالفقار اور اس کی بیٹی ارم حادثے سے چند لمحے قبل کام کے سلسلے میں گھر سے نکلے تھے۔