اسلام آباد،راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار، سٹاف رپورٹر) وفاقی دارالحکومت کے تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقے پارک روڈ پر چٹھہ بختاور کے قریب اتوار کو تیز رفتار کار 50 سالہ خاتون کو کچلتے ہوئے فٹ پاتھ سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں خاتون اور ڈرائیور دونوں زندگی کی بازی ہارگئے ، خاتون سڑک عبور کر رہی تھی کہ ڈرائیور تیز رفتاری کی وجہ سے گاڑی قابو میں نہ رکھ سکا ، پولیس نے متوفیہ (م) زوجہ تمیز حسن سکنہ شہزاد ٹاؤن اور کار نمبر اے این زیڈ 718 کے ڈرائیور شایان وسیم سکنہ جی 13 کی نعشیں پولیس کلینک ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کر دی ہیں ، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ادھرگاڑی کی ٹکر لگنے سے دوسال کی بچی جاں بحق ہوگئی ، تھانہ رتہ امرال کو تاج گل نے بتایاکہ محلہ فاروقیہ میں گھر میں موجود تھا کہ گلی میں شور شرابہ کی آواز سُنی میرے بھائی ابراہیم نے بتلایا کہ میری بیٹی نبیہا بعمر 2 سال کو عبدالرحمان نامی لڑکے نے اپنی گاڑی غفلت لاپرواہی انتہائی تیزرفتاری سے چلاتے ہوئے ہٹ کیا ہے میں گھر سے باہر نکلا تو میری بیٹی زخمی حالت میں اپنے دروازہ کی سائیڈ پر گری پڑی تھی جسکو فوری طور پر برائے علاج معالجہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے آئے جو میری بیٹی انہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔