اسلام آباد( نمائندہ جنگ)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ طبی شعبہ میں انقلاب لانا مشکل ضرورلیکن ناممکن نہیں ہے‘ ملکی تقدیر بدلنے کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا‘اگر انسان دل سے فیصلہ کر لے کہ ان مسائل سے نمٹنا ہے تو ترقی و خوشحالی کا راستہ کوئی چیز نہیں روک سکتی‘اﷲ کسی کی محنت رائیگاں نہیں جانے دیتا‘ وہ دن دور نہیں جب ہم اقوام عالم میں سر اٹھا کر چلیں گےجبکہ وفاقی وزیرصحت مصطفی کمال کاکہنا ہے کہ طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام سے کرپشن ختم ہو گی‘درخواست دینے کے 20 دن کے اندر لائسنس گھر پر مل جائے گا۔ انہوں نے ان خیا لات کا اظہارپیرکوطبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس ڈیجیٹل سسٹم کو رائج کرنے کیلئے کام کا آغاز ہم نے پی ڈی ایم کی حکومت میں کیا‘ڈریپ میں بھی قابل لوگ موجود تھے تاہم انہیں نظر انداز کیا گیا، سی ای او کی تقرری مکمل میرٹ پر کی گئی ہے‘ وفاقی وزیر صحت دن رات محنت کر رہے ہیں‘ ان کی دن رات محنت سے ان کی بطور میئر کراچی کارکردگی بھی ظاہر ہو رہی ہے‘ وزیراعظم نے کہا کہ یہ ایک طویل سفر ہے، پاکستان کے ایک دوست ملک نے ایک ہسپتال اور ایک برن یونٹ تحفہ میں دیا جو کئی سال سے بند پڑے ہیں، میرے کہنے پر مصطفیٰ کمال نے اس کا نوٹس لیا، اب اس کو فعال کیا جا رہا ہے۔