اقوام متحدہ (عظیم ایم میاں) سلامتی کونسل میں تنازعات کے پرامن حل سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی، پاکستان ماہ جولائی کے لئے سیکورٹی کونسل کا صدر ہے ، اس حیثیت میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سیکورٹی کونسل کے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں عالمی تنازعات سے متعلق پاکستان کی پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ، اجلاس سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گتریس نے خطاب کرتے ہوئے عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں ۔ اجلاس کے صدر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی تقریر میں کہا کہ پاکستان عالمی قوانین، ممالک کے درمیان باہمی عزت اور برابری کی سطح پر ڈائیلاگ اور پرامن طریقے سے تنازعات حل کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے غزہ میں 58ہزار سے زائد فلسطینیوں کی اموات اور تباہی کا ذکر کرتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔ اسحاق ڈار نے دو آزاد ریاستوں فلسطین اور اسرائیل کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے تنازع کشمیر کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان خطے میں بامقصد ڈائیلاگ کے ذریعے امن و استحکام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے 60سال پرانے انڈس واٹر معاہدہ کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت 24کروڑ انسانوں کا پانی بند کر کے عالمی اصولوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے منشور کی مختلف شقوں کا حوالہ دیتے ہوئے امن، ڈائیلاگ اور عالمی ضوابط پر عمل کو ضروری قرار دیا اور ساتھ ہی غزہ میں اقوام متحدہ کی عمارت اور عملہ پر بمباری کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں بھوک اور اموات کی صورتحال کا بڑے دردمندانہ انداز میں ذکر بھی کیا۔ انہوں نے بھی اپنی تقریر میں ملٹی لیٹرلزم، پرامن ڈائیلاگ سے مسائل حل کرنے کی وکالت کرتے ہوئے یوکرین کی جنگ کا ذکر بھی کیا۔