روسی وزیر خارجہ نے افغانستان میں طالبان حکومت کے عبوری وزیر خارجہ امیر متقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔
ماسکو سے روسی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے ٹیلیفونگ گفتگو میں دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جنگ سمیت علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں اپنی باہمی دلچسپی پر زور دیا۔
واضح رہے کہ روس نے رواں ماہ کے اوائل میں افغان طالبان کی حکومت کو تسلیم کیا تھا۔ روس افغان طالبان حکومت تسلیم کرنے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
روس نے افغانستان کے نئے سفیر کی اسناد بھی قبول کر لیں۔
اس حوالے سے روسی وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کو باضابطہ تسلیم کرنے کا عمل مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دے گا۔