اسلام آباد( نامہ نگار)پبک اکاونٹس کمیٹی کے اجلاس میں چیئرمین ایف بی آر نے کہا ہے کہ چینی کی ایکسپورٹ کے لیے 4 طرح کے ٹیکسز کو صفر کیا گیا۔ فوڈ کی امپورٹ یا ایکسپورٹ کے معاملات فوڈ منسٹری دیکھتی ہے، چینی کی امپورٹ کا فیصلہ کابینہ نے کیا، ہم تو فیصلے کے پابند ہیں۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کہا کہ عوامی معاملہ ہوتا ہے تو کہا جاتا ہے آئی ایم ایف اجازت نہیں دیتا سرمایہ داروں پر وہ ناراض نہیں ہوتا؟ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین جنید اکبر خان کی زیرِ صدارات اس میں سیکرٹری فوڈ سکیورٹی کی جانب سے ملک میں چینی کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے اس سال چینی کی پیداوار کم ہوئی ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پچھلے سال 87 میٹرک ٹن چینی پیدا کی گئی اور اس سال یہ 84 میٹرک ٹن رہی۔ پچھلے سال 77 شوگر ملز نے کرشنگ کی جب کہ اس سال 79 ملز نے کی ہے۔ قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے بفر اسٹاک کے لیے 5 لاکھ ٹن چینی کی امپورٹ کی سمری منظور کی ہے۔