غیر قانونی تارکینِ وطن کو غیر قانونی کام کرنے سے روکنے میں مدد اور کریک ڈاؤن کے لیے برطانوی ہوم آفس نے پناہ گزینوں میں کھانے کی ترسیل کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ معلومات کے اشتراک پر اتفاق کر لیا۔
برطانوی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق برطانوی ہوم آفس کے ساتھ ڈیلیورو اور جسٹ ایٹ کے ساتھ پناہ کے متلاشی ہوٹلوں کی جگہ کا اشتراک مستقبل کے لیے فائدہ مند قرار دیا جا رہاہے۔
ڈیلیورو نے کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے سرکاری ملازمین سے ایسے ہوٹل کے پتے مانگے تھے جن میں غیر قانونی تارکینِ وطن مقیم ہیں اور انہیں کھانا سپلائی کیا جاتا ہے تاکہ وہ ان مقامات سے کام کرنے والے اکاؤنٹس کو بلاک کر سکیں مگر صرف ہوٹل میں رہنے والوں کے لیے حفاظتی خدشات کی وجہ سے انکار کر دیا گیا تھا۔
اب ہوم آفس نے اپنا مؤقف تبدیل کرتے ہوئے معلومات شیئر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ہوم سیکریٹری یوویٹ کوپر نے کہا ہے کہ غیر قانونی کام ناصرف کاروبار کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ کمزور اور مستحق افراد کا استحصال بھی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ڈیلیوری کمپنیوں کے ساتھ ڈیٹا شیئر کر کے خامیوں کو ختم کیا جائے گا تاکہ فیصلہ کن اور مؤثر کارروائی کی جا سکے۔