• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ: جون تک 3 مہینوں میں معیشت میں 0.3 فیصد کی غیر متوقع شرح نمو ریکارڈ

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

برطانیہ کے قومی شماریاتی دفتر (او این ایس) نے بتایا ہے کہ جون تک 3 مہینوں میں برطانوی معیشت میں 0.3 فیصد کی غیر متوقع شرح نمو ریکارڈ کی گئی، حالانکہ یہ پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں سست رفتار تھی۔

یہ نمو ماہرین کی توقعات سے زیادہ رہی کیونکہ پیش گوئی 0.1 فیصد کے اضافے کی تھی۔ جون میں معیشت میں 0.4 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جو اپریل اور مئی میں مسلسل دو مہینوں کی کمی کے بعد آیا۔ 

او این ایس کے مطابق اگرچہ دوسری سہ ماہی میں مجموعی طور پر نمو کی رفتار کم رہی، لیکن جون میں معیشت نے اپریل اور مئی کی کمزور کارکردگی کے بعد بہتر مظاہرہ کیا۔ 

اس سست روی کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ کاروباروں نے سال کے اوائل میں ممکنہ ٹیکس اصلاحات اور محصولات میں تبدیلیوں کے پیش نظر اپنی سرگرمیوں میں ایڈجسٹمنٹ کی۔ خاص طور پر، اپریل کے لیے جی ڈی پی میں سکڑاؤ کا ابتدائی تخمینہ 0.3 فیصد سے بہتر کر کے0.1 فیصد کر دیا گیا۔

او این ایس کے اعداد و شمار کے مطابق دوسری سہ ماہی میں نمو کا بڑا سبب خدمات کے شعبے کی 0.4 فیصد توسیع تھی، جس میں کمپیوٹر پروگرامنگ، ہیلتھ کیئر اور گاڑیوں کی لیزنگ جیسے شعبوں کا اہم کردار رہا۔ 

اس کے علاوہ تعمیراتی شعبے کی پیداوار میں 1.2 فیصد اضافہ ہوا، جس کی بڑی وجہ بڑے پیمانے پر انفرا اسٹرکچر منصوبے تھے، جبکہ مینوفیکچرنگ میں بھی 0.3 فیصد کی ترقی ریکارڈ کی گئی، جو پہلی سہ ماہی کے 1.1 فیصد اضافے کے بعد آئی۔

 برٹش چیمبرز آف کامرس کے ریسرچ منیجر اسٹیورٹ موریسن نے اس بات پر زور دیا ہے کہ معیشت کی مجموعی مضبوطی کے لیے کاروبار کا ترقی کرنا لازمی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید