بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے برطانیہ کا آج سے دو روزہ سرکاری دورہ شروع کر دیا ہے، جہاں وہ برطانیہ کے ساتھ ایک آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کریں گے۔
برطانیہ کےلیے یہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد سب سے اہم تجارتی معاہدہ ہے، جبکہ بھارت کے لیے یہ ایشیا سے باہر پہلا بڑا معاہدہ ہے۔
بھارت کو ویزا میں نرمی، پروفیشنل اسناد کو تسلیم کرانے اور نیشنل انشورنس سے چھوٹ جیسے مطالبات پر کامیابی ملی۔ 99 فیصد بھارتی برآمدات پر برطانیہ میں ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی، جن میں زیورات، ٹیکسٹائل، چمڑا، انجینیئرنگ مصنوعات اور فوڈ پروڈکٹس شامل ہیں۔
بھارت نے زراعت کو معاہدے میں شامل نہیں کیا، جو ملک کی 40 فیصد آبادی کو روزگار فراہم کرتا ہے۔ قانونی اور مالیاتی خدمات شامل نہیں کی گئیں کیونکہ سرمایہ کاری سے متعلق معاہدے پر بات چیت جاری ہے۔