راولپنڈی(نمائندہ جنگ/جنگ نیوز )چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکا چین کا سرکاری دورہ ‘بیجنگ میں چین کے وزیرخارجہ وانگ ای ‘نائب صدر ہان ژینگ‘وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن جنرل ژانگ‘پیپلزلبریشن آرمی کے پولیٹیکل کمشنر جنرل چن ہوئی اورچیف آف جنرل اسٹاف جنرل کائی ژائی جن سمیت چین کی اعلی سیاسی و عسکری قیادت کے ساتھ متعدد اعلی سطحی ملاقاتیں ‘ دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانےکے عزم کا اعادہ ‘سی پیک کے تحت منصوبوں اور مشترکہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ چینی وزیرخارجہ وانگ ای نے پاکستان کے ساتھ چین کی "آہنی" دوستی کی توثیق کرتے ہوئے کہاکہ بیجنگ اپنی ہمسایہ پالیسی اورسفارت کاری میں پاکستان کو ترجیح دیتا رہے گا‘ انہوں نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت یقینی بنائے‘فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاکستان کے لیئے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا اور کہا کہ پاک چین ملٹری ٹو ملٹری تعاون کو ہر شعبے میں توسیع دی جائے گی۔جمعہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس دورے کے دوران آرمی چیف نے چین کے نائب صدرہان ژینگ اور وزیر خارجہ وانگ ای سے ملاقات کی۔ بات چیت میں خطے اور دنیا میں بدلتے ہوئے سیاسی حالات، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت منصوبوں اور مشترکہ جغرافیائی سیاسی چیلنجز کے لیے مربوط ردعمل کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی قیادت نے جنوبی ایشیا میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کو ایک مضبوط ستون اور کلیدی کردار کا حامل قرار دیا۔دفاعی شعبے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ژانگ یوژیا، وائس چیئرمین سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی)، جنرل چن ہوئی، پولیٹیکل کمشنر پیپلزپارٹی لبریشن آرمی اور لیفٹیننٹ جنرل کائی ژائی جن، چیف آف اسٹاف پیپلزلبریشن آرمی سے ملاقاتیں کیں۔ پی ایل اے آرمی ہیڈکوارٹر پہنچنے پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ان ملاقاتوں میں دفاعی و سلامتی تعاون پر جامع تبادلہ خیال ہوا جن میں انسداد دہشت گردی، مشترکہ تربیت، دفاعی شعبے میں جدت اور ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے جیسے امور شامل تھے۔۲