• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیکورٹی رسک، بھارت کے ایونٹ میں شرکت کیلئے حکومت کی فیڈریشنوں کو ہدایت، تصدیق سے قبل مشاورت لازمی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) حکومت نے بھارت میں ہونے والے کسی بھی کھیل کے ایونٹ میں قومی ٹیموں کی شرکت کے لئے نئی گائیڈ لائن جاری کردی،وزیراعظم آفس کی خصوصی ہدایت پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے قومی فیڈریشنز کو بھارت میں کسی بھی کھیل کے ایونٹ میں شرکت سے پہلے پیشگی اجازت لینے کی ہدایت جاری کر دی ۔ ہفتے کو جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن میں فیڈریشنوں کو اس بات کا پابند کردیا گیا ہے کہ وہ ایونٹ میں اپنی شرکت کی تصدیق سے قبل پاکستان اسپورٹس بورڈ سے مشاورت کریں ، پی ایس بی کے ترجمان خرم شہزاد کے مطابق بھارت میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئی بھی قومی فیڈریشن بھارت میں کسی کھیل میں شرکت کے لیے پی ایس بی سے پیشگی اجازت کے بغیر وعدہ یا معاہدہ نہیں کرے گی۔ جو فیڈریشن بغیر کسی مشاورت کے بھارت جانے کا فیصلہ کرے گی تو اسے حکومت کی جانب سے این او سی جاری نہیں کیا جائے گا،پی ایس بی نے اپنے سے غیر الحاق شدہ ٹیموں کو بھی بھارت جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اس حوالے سے تمام ائیر پورٹ پر ا میگریشن حکام کو بھی ہدایت کردی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھارت جانے کی اجازت نہ دیں اور انہیں ائیر پورٹ پر روک لیا جائے، پی ایس بی نے کہا ہے کہ کھیلوں کی تمام فیڈریشن بھارت کے ایونٹ کے حوالے سے غیر ضروری قدم اٹھانے سے گریز کریں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کی حفاظت حکومت کی ذمے داری ہے جس میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔