نئی دہلی (ایجنسیاں)آپریشن سندورکی ناکامی کے بعد بھارت نے آپریشن مہادیو کے نام پر جعلی مقابلوں کا منصوبہ دوبارہ شروع کردیا۔بھارتی فوج نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع سری نگر میں جعلی مقابلے کے دوران 3 کشمیری نوجوانوں کو شہید کرکے ان میں سے 2 کو پہلگام حملے میں ملوث قرار دے دیا۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن مہادیو کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کچلنا اور اندرون ملک سیاسی ساکھ بحال کرنا ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت جیلوں میں قید پاکستانیوں کو شہید کرنے کے بعد انہیں سرحد پار دہشتگرد اور دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث قرار دیا جائیگا۔بھارت کے مذموم منصوبے کی مثال مقبوضہ کشمیر کے سرینگر میں جعلی مقابلے کے دوران 3کشمیری نوجوانوں کو شہید کرکے ان میں سے 2 کو پہلگام حملے میں ملوث قرار دینا ہے۔مقامی لوگوں نے بھارتی حکام کی جانب سے شہید نوجوانوں کو پہلگام حملے سے جوڑنے کی کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ نوجوان بے گناہ تھے اور انہیں جعلی مقابلے میں شہید کرکے عسکریت پسند قرار دیا گیا۔