اسلام آباد، لاہور (نیوز ایجنسیاں) الیکشن کمیشن نے 9مئی کیسز میں سزا یافتہ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد بھچر، پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری اور ایم این اے احمد چٹھہ کو نااہل قرار دیا، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے بعد تینوں نااہل ہوگئے اب یہ تینوں نشستیں خالی ہوچکی ہیں ،ان پر ضمنی الیکشن ہوگا، پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنے ردعمل میں کہا یہ سلسلہ بند کریں، جمہوریت داؤ پر لگی ہے،الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے حوالے سے متعصب ہے، سلمان اکرم راجہ نے کہا یہ نظام اپنے آپ کو کو خود نا اہل کر رہا ، اسمبلیاں اپنی توقیر کھو بیٹھی ہیں،آخری فتح عوام کی ہوگی، مسرت جمشید چیمہ نے کہا الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے۔ جبکہ ترجمان الیکشن کمیشن نے بیرسٹر گوہر کے بیان کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا اعجاز چوہدری، محمد احمد چھٹہ اور احمد خان کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سزا سنائی، عدالت کی جانب سے دی گئی سزا ابھی تک برقرار ہے، اس فیصلے کو عدالت کی طرف سے کالعدم نہیں کیا گیا، عبدالطیف چترالی کا کیس مختلف ہے، انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے کو کالعدم کیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سینیٹر اعجاز چوہدری، احمد خان بھچر اور احمد چٹھہ کو نااہل قرار دے دیا۔ جاری نوٹیفکیشن میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے اعجاز چوہدری کو 10سال کی سزا سنائی ہے اسلئے وہ اب نااہل ہوچکے ہیں،اسی طرح الیکشن کمیشن نے این اے 66 وزیر آباد سے احمد چٹھہ کو نااہل قرار دے دیا، پی پی 87 میانوالی سے احمد خان بھچر کو بھی نااہل قرار دے دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلوں کے بعد انہیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے بعد یہ تینوں نشستیں اب خالی ہوچکی ہیں اور ان نشستوں پر ضمنی الیکشن ہوگا۔ دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے الیکشن کمیشن کےفیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 39 پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کی نااہلی کے بڑھتے ہوئے خدشات ہیں، یہ جمہوری اصولوں کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے، تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتے ہوئے کہ وہ ذاتی انا سے اوپر اٹھیں اور بامعنی سیاسی بات چیت میں شامل ہوں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل کہہ رہے ہیں کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے حوالے سے معتصب ہے، یہ نوٹیفکیشن ایک مرتبہ پھر ہمارے موقف کو واضح کرتا ہے۔ انہوں کہا ہمارے اراکین کو آئین کے آرٹیکل 63 ون ایچ کے تحت نااہل کیا گیا یہ جانے بغیر کہ یہ سزا قانونی طور پر درست ہے بھی یا نہیں ۔تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے بطور فریق کام کر رہا اور اپنے اختیارات سے تجاوز کر رہا ہے ۔