کراچی(اسٹاف رپورٹر) آغا خان یونیورسٹی ایگزامینیشن بورڈ (AKU-EB) نے سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (SSC) اور ہائیر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (HSSC) کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان کیا جس میں ایک قابلِ ذکر رجحان سامنے آیا، لڑکیوں نے مسلسل دسویں سال بھی ممتاز طلبہ کی فہرست میں سبقت حاصل کی۔ اس سال 111اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں سے تقریباً 70فیصد لڑکیاں ہیں، جو ان کے غیر متزلزل عزم اور ملک گیر بڑھتی ہوئی امنگوں کو ظاہر کرتا ہے۔یہ مسلسل کامیابی تعلیمی مہارت میں ایک اہم تبدیلی کو اجاگر کرتی ہے، جہاں نوجوان لڑکیاں عمدگی کے نئے معیار قائم کر رہی ہیں۔ سندھ سے شونزے زہرا (ثاقب پبلک اسکول، کراچی) نے SSC سطح پر قومی پوزیشن حاصل کی، جبکہ عائشہ زاہد حسین (آغا خان ہائیر سیکنڈری اسکول، کریم آباد، کراچی) نے HSSC سطح پر قومی درجہ بندی میں اول پوزیشن حاصل کی۔