اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان پوسٹ کے اعلی حکام نے بلوچستان میں واقع حب سٹی ڈاکخانے پر پولیس چھاپے اور اہلکاروں کی گرفتاری کا سخت نوٹس لیا ہے۔پولیس کارروائی کو غیر قانونی اور اختیارات سے تجاوز قرار دیا ہے،پوسٹل حکام کی شکایت پر ایس ایچ او حب سٹی کو معطل کر دیا گیا ۔ 25جولائی کو پولیس نے حب سٹی نائٹ پوسٹ آفس پر چھاپہ مارا اور وہاں موجود ریکارڈ، بک شدہ پارسلز قبضے میں لیتے ہوئے موجود عملے کو گرفتار کر کے انکے خلاف ایف آئی آر درج کی۔ ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پوسٹل سروسز کی رپورٹ کے مطابق معاملہ فوری ڈی آئی جی کے نوٹس میں دیا گیا۔ ایف آئی آر میں پارسلز میں چاکلیٹ، بسکٹ اور کینڈیز کی برامدگی ظاہر کی گئی تھی جو ممنوعہ اشیاء نہیں۔ پوسٹ ماسٹر جنرل بلوچستان کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بغیر سرچ وارنٹ کے چھاپہ مارا۔